ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ کو دس سال سزائے قید
روہتک جیل میں بنائی گئی سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج نے عصمت دری کے مجرم ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو دس سال قید کی سزا سنائی ہے
سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج جس وقت روہتک جیل میں مجرم گرمیت کو سزا سنانے جا رہے تھے وہ گڑ گڑا کر رحم کی بھیک مانگ رہا تھا- اس سے پہلے سی بی آئی نے عصمت دری کے مجرم گرمیت رام رحیم کے لئے زیادہ سے زیادہ سزا ئے قید کی درخواست کی تھی - عدالت میں گرمیت کے وکیل صفائی نے اس کے سماجی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے اس کے لئے معافی یا کم ترین سزا کی دراخواست کی تھی - سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج جگدیپ سنگھ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے روہتک جیل پہنچایا گیا تھا- اس موقع پر ریاست ہریانہ اور پنجاب میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے - حکام نے روہتک جیل کے اطراف میں ہر طرح کے مشتبہ شخص کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کا حکم دے رکھا ہے - سزا سنائے جانے کے اعلان کے بعد ہر قسم کے ممکنہ ہنگاموں سے نمٹنے کے لئے ہریانہ اور پنجاب میں فوج کی اٹھائیس ٹکڑیاں تعینات کی گئی ہیں - اس درمیان ریاست پنجاب کے وزیراعلی امریندر سنگھ نے ہنگامی طور پر اعلی سطحی سیکورٹی اجلاس بھی تشکیل دیا ہے - ادھر قصبہ سرسا میں جہاں ڈیرہ سچا سودا کا ہیڈ کوارٹر ہے کرفیو کے بعد بھی دوگاڑیوں کو آگ لگادی گئی ہے اور جج کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی ڈیرہ کے حامیوں نے سرسا میں خاصا ہنگامہ کیا-