ہندوستان: اُردو کی تعلیم اور شاندار کامیابیوں کا خواب شرمندۂ تعبیر
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i455612-ہندوستان_اُردو_کی_تعلیم_اور_شاندار_کامیابیوں_کا_خواب_شرمندۂ_تعبیر
ہندوستان کے علاقے کوکن کے ایک چھوٹے سے گاؤں کی رہنے والی لڑکی حنا قاسم نے اردو سے تعلیم حاصل کر کے اہم کامیابیوں کا شاندار سفر طے کیا ہے۔
(last modified 2026-08-24T11:15:36+00:00 )
Aug ۲۴, ۲۰۲۶ ۱۴:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اُردو کی تعلیم اور شاندار کامیابیوں کا خواب شرمندۂ تعبیر

ہندوستان کے علاقے کوکن کے ایک چھوٹے سے گاؤں کی رہنے والی لڑکی حنا قاسم نے اردو سے تعلیم حاصل کر کے اہم کامیابیوں کا شاندار سفر طے کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ڈاکٹر بننا، سرکاری ملازمت حاصل کرنا، کم وبیش 7 سال تک ایکسائز محکمہ میں بطور انسپکٹر خدمات انجام دینا اور پھر مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن (ایم پی ایس سی) کے امتحان میں کامیابی حاصل کرکے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس/ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس جیسے باوقار عہدہ  کیلئے منتخب ہونا کسی خواب سے کم نہیں لیکن ایک 10 ویں پاس ایس ٹی بس ڈرائیور کی بیٹی ڈاکٹر حنا قاسم فوپلُنکر نے اپنے عزم، محنت، مستقل مزاجی اور حوصلے سے اس خواب کو شرمندۂ تعبیر کر دیا۔ 

اردو  سے تعلیم  حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کیلئے ڈاکٹر حنا قاسم کا سفر امید، حوصلے اور خود اعتمادی کاپیغام ہے۔ ڈاکٹر حنا قاسم کی کامیابی اردو ذریعۂ تعلیم سے وابستہ طلبہ و طالبات کیلئے خصوصی اہمیت  کی حامل ہے۔ سائی جیسے نسبتاً چھوٹے گاؤں کے اردو اسکول سے تعلیم حاصل کرنے والی اس طالبہ نے نہ صرف ڈاکٹر بننے کا خواب پورا کیا بلکہ سرکاری ملازمت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اب پولیس انتظامیہ کے ایک اہم عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے جارہی ہیں۔ 

ایک انٹرویو میں ڈاکٹر حنا نے بتایا کہ اردو کسی طالب علم کی صلاحیتوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں، بشرطیکہ طالب علم اپنی زبان کے ساتھ ساتھ علم، مہارت، مسابقتی امتحانات اور جدید مواقع سے خود کو جوڑنے کیلئے تیار ہو۔

ڈاکٹر حنا قاسم فوپلُنکر نے اپنی ابتدائی تعلیم آر زیڈ پی اردو اسکول، سائی سے حاصل کی۔ اسی اسکول نے ان کے تعلیمی سفر کی بنیاد کو مضبوط بنایا۔ ڈاکٹر حنا قاسم اپنی کامیابی میں اپنے اساتذہ کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتی ہیں۔ 

ڈاکٹر حنا یہ بھی کہا کہ ’’میری کامیابی میں میرے والدین کی  قربانیاں شامل ہیں۔ ان کی دعائیں اور محنت ہی ہے جس کے نتیجے میں میں آج اس مقام تک پہنچی ہوں۔‘‘

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel