شدید بارش سے ممبئی کی رفتار تھم گئی
ممبئی میں ہونے والی تباہ کن بارش کے باعث کم سے کم پانچ لوگوں کی موت ہوگئی
مانسون کی بھاری بارش کے باعث ممبئ میں ٹرانسپورٹ کا نظام پوری طرح ٹھپ پڑ گیا اور شہر کی گلیوں میں پانی بھر گیا ہے - ریاستی حکام نے لوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے-امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں مانسون کے بعد، حالیہ بارشوں کی وجہ سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ نیپال اور بنگلہ دیش میں بارش سے سو سے زیادہ موتیں ہوئی ہیں - منگل کو ممبئی میں بارش کے بعد، ٹرین سروس بھی ٹھپ پڑگئی تھی اور بہت سی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیاتھا- بدھ کو پورے شہر میں اسکول بند رہے -اس سے پہلے دوہزار پانچ میں بھاری بارش کی وجہ سے ممبئی میں پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے-بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ نکاسی نالوں کے بند ہوجانے کے باعث شہر میں اس طرح پانی بھرا ہے- ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کر کے ممبئی کے لوگوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے- انھوں نے مہاراشٹر کی حکومت کو ہر ممکن مدد دینے کی بھی بات کی ہے-