ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں سیکورٹی فورس اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں سیکورٹی فورس اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں فوج نے پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دینے کا دعوی کیا ہے۔ جبکہ سوپور میں لوگوں نے سیکورٹی فورس کے آپریشن کے خلاف مظاہرہ کیا۔
ہندوستانی میڈیا نے فوجی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سیکورٹی فورس نے دو الگ الگ مقامات پر آپریشن کے دوران پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا جبکہ اس آپریشن میں ایک پیرا کمانڈو بھی زخمی ہوا-
خبروں کے مطابق ہندوستانی سیکورٹی فورس نے ضلع بڈگام کے پھولتی پورہ علاقے میں چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا جبکہ شمالی کشمیر کے سگی پورہ میں ایک عسکریت پسند مارا گیا-
اطلاعات ہیں کہ سیکورٹی فورس کا یہ آپریشن جاری ہے اور بڈگام میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی منقطع کر دی گئی ہے-
ہندوستانی فوج کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح بڈگام کے پھولتی پورہ علاقے میں عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورس پر حملہ کر دیا جس کے بعد فورس نے بھی جوابی کارروائی شروع کی-
اس سے پہلے اس علاقے میں عسکریت پسندوں کے موجود ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا تھا۔