ہندوستان کے سابق وزیراعظم کی موجودہ وزیراعظم پرکڑی نکتہ چینی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i318300-ہندوستان_کے_سابق_وزیراعظم_کی_موجودہ_وزیراعظم_پرکڑی_نکتہ_چینی
ہندوستان کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ نریندرا مودی کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو مزید خراب کردیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۵:۵۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے سابق وزیراعظم کی موجودہ وزیراعظم پرکڑی نکتہ چینی

ہندوستان کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ نریندرا مودی کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو مزید خراب کردیا۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے 84 ویں اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے اس ملک کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ  وزیراعظم نریندرا مودی اور بی جے پی حکومت نے اپنی شدید بدانتظامی سے کشمیر میں حالات کو پہلے سے زیادہ بگاڑ دیا ہے، کشمیر میں حالات دن بدن بگڑتے جارہے ہیں، ہندوستانی حکومت کو کشمیریوں کے مسائل کا ادراک کرنا ہوگا اور انہیں حل کرنا ہوگا۔

منموہن سنگھ نے بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے درمیان جاری چپقلش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ  حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں میں گہرا نظریاتی اختلاف ہے، اس حکومت کے دو دھڑے آپس میں ایک دوسرے کے خلاف ہی کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہماری سرحدیں محفوظ نہیں ہیں، دہشت گردی نے ملک کے عوام کو پریشانی میں ڈال رکھا ہے، بی جے پی حکومت نے ملک کی معیشت کو برباد کر دیا ہے، وزیر اعظم مودی نے عوام سے دو کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کیا تھا، لیکن دو لاکھ لوگوں کو بھی نوکری نہیں ملی۔