وادی کشمیر میں دو عسکریت پسند ہلاک
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے جنوبی علاقے میں ہندوستانی فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان شبانہ جھڑپ میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں
سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ جنوبی کشمیر کے دوورو علاقے کے شستاگرام گاؤں میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ہندوستانی فورس کے اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ۔ ہندوستانی فوج کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ جمعے کی رات اس اطلاع کے بعد شستا گرام گاؤں میں عسکریت پسند روپوش ہیں سیکورٹی فورس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا - محاصرے میں آنے کے بعد عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ ہندوستانی فوج کا کہنا ہے کہ مسلح عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں فوج یا سی آر پی ایف کے کسی جوان کو کوئی گزند نہیں پہنچی - خبروں میں کہا جارہا ہے کہ فوج اور سیکورٹی فورس کے ذریعے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور موبائل و انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا گیا ہے - واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پلواما میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر پرتشدد مظاہرہ کیا - مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے سیکورٹی فورس اورپولیس نے آنسوگیس کے گولے داغے۔ دوسری جانب جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے دوورو میں سیکورٹی فورس کے ہاتھوں دوعسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی کال دی ہے -