کرناٹک میں سیاسی اتارچڑھاو کمار سوامی پیر کو حلف لیں گے
کرناٹک کے گورنر وجوبھائی والا نے مسٹر بی ایس یدی یورپا کے وزیراعلی کے عہدے سے استعفی دینے کے بعد ریاست میں اگلی حکومت کی تشکیل کے لئے جنتادل (ایس) کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی کو مدعو کیا ہے اور وہ پیر کے روز حلف لیں گے ۔
جنتادل (ایس) کے ریاستی صدر کمار سوامی نے کل صحافیوں کو بتایاکہ گورنر نے انھیں حکومت بنانے کی دعوت دی ہےاور اسمبلی مں اکثریت ثابت کرنے کے لئے 15 دن کی مہلت دی ۔
انھوں نے کہاکہ انکی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پیر کے روز 12 بجے وزیرا علی کے عہدے کا حلف لیں گے ۔
کانگریس اور جنتادل ایس نے 117ممبران اسمبلی کی حمایت کی فہرست گورنر کو پیش کرتے ہوئے حکومت تشکیل دینے کا دعوی پہلے ہی کردیا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کل شام چاربجے اسمبلی میں تحریک اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی لیکن ووٹنگ سے پہلے ہی مسٹر یدی یورپا نے وزیراعلی کے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کردیا اور اس کے بعد گورنر کو اپنا استعفی پیش کردیا۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کرناٹک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت کی جیت ہے ۔
ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں جمہوریت کامیاب ہوئی ہے ۔
دوسری جانب کرناٹک میں جنتادل ایس کے ساتھ ملکر بھارتیہ جنتاپارٹی کو شکست دینے میں ملی کامیابی سے حوصلہ پاکر کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر مرکز میں حکمراں پارٹی کو اقتدار سے باہر کریں گے ۔
راہل گاندھی نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی کو لگتاہے کہ اقتدار، دولت، طاقت اور بدعنوانی کے ذریعہ سب کچھ حاصل کیا جاسکتاہے۔ اسی طاقت کے سہارے وہ کرناٹک میں جمہوریت کو شکست دینا چاہتے تھے لیکن کانگریس اور جنتادل ایس کے اتحاد کی وجہ سے یہ کوشش ناکام ہوگئی ۔ کانگریس اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ ملکر اسی طرح سے آگے بھی اس کو شکست دیتی رہیگی۔