ہندوستان میں دو بسوں کے حادثات میں 48 ہلاک متعدد زخمی
ہندوستان میں دو بسوں کے الگ الگ حادثات میں چونسٹھ افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں مسافر بس کا ایک حادثہ اس وقت رونما ہوا جب وہ ایک گہری کھائی میں جا گری اور نتیجے میں اڑتالیس افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ ریاست اتراکھنڈ کے پوڑی گڑہوال کے ایک علاقے میں رونما ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسافر بس میں ساٹھ افراد سوار تھے۔ پولیس اہلکاروں کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائی شروع کر دی گئی اور آٹھ افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے چار کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ادھر اترپردیش کے علاقے مین پوری میں بھی ایک بس پلٹنے کے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ دونوں واقعات کی فوری طور پر وجہ، تیز رفتار بسوں کا بے قابو ہونا بتایا گیا ہے تاہم پولیس تحقیقات جاری ہیں۔