پاکستان: سپریم کورٹ کا عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i455344-پاکستان_سپریم_کورٹ_کا_عمران_خان_کو_شفا_ہسپتال_منتقل_کرنے_کا_حکم
پاکستانی سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اگلی سماعت تک شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
(last modified 2026-08-18T09:32:13+00:00 )
Aug ۱۸, ۲۰۲۶ ۱۳:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: سپریم کورٹ کا عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم

پاکستانی سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اگلی سماعت تک شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی سپریم کورٹ نے ہسپتال منتقلی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، عمران خان کو سخت سیکورٹی میں ہسپتال منتقل کیا جائے، ہسپتال کے باہر امن و امان کی صورت حال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور علاج سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل ریکارڈ دینے میں کیا مسئلہ ہے؟ جو مواد دیا گیا ہے وہ صرف میڈیکل رپورٹ کی سمری ہے۔

جسٹس شاہد وحید نے بانی پی ٹی آئی کا تمام میڈیکل ریکارڈ آئندہ سماعت سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ عدالت میں آئے گا تو خفیہ نہیں رہے گا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ آپ کی رپورٹ میں لکھا ہوا ہے کہ اینجیوگرافی کرانی ہے، کیا جیل میں اینجیوگرافی ہو سکتی ہے؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ ہسپتال سے باہر ہو سکتی ہے۔

جسٹس شاہد وحید کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی نہ نبض نارمل ہے، نہ ہی دل، میڈیکل رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے اہم اعضا متاثر ہونے شروع ہوگئے ہیں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16ستمبر تک ملتوی کر دی۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel