کشمیر میں ہڑتال اور عسکریت پسندوں کے خلاف فوج کا آپریشن
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i331224-کشمیر_میں_ہڑتال_اور_عسکریت_پسندوں_کے_خلاف_فوج_کا_آپریشن
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے شمالی ضلع کپواڑہ میں جہاں فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کر رکھا ہے وہیں جنوبی کشمیر میں منگل کو آپریشن میں تین عسکریت پسندوں کے مارے جانے کے خلاف بدھ کو وادی میں عام ہڑتال کی گئی۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Jul ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۴ Asia/Tehran
  • کشمیر میں ہڑتال اور عسکریت پسندوں کے خلاف فوج کا آپریشن

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے شمالی ضلع کپواڑہ میں جہاں فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کر رکھا ہے وہیں جنوبی کشمیر میں منگل کو آپریشن میں تین عسکریت پسندوں کے مارے جانے کے خلاف بدھ کو وادی میں عام ہڑتال کی گئی۔

سری نگر سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ منگل کے روز جنوبی کشمیر میں فوج اور سیکورٹی فورس کے ہاتھوں تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف علیحدگی پسند جماعتوں نے بدھ کو عام ہڑتال کی اپیل کی تھی جس سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے- ہڑتال کے باعث وادی میں تعلیمی اور تجارتی ادارے اور مراکز بند رہے اور ٹریفک بھی بہت کم تھا-

دوسری جانب شمالی ضلع کپواڑہ میں جنگل میں روپوش عسکریت پسندوں کے خلاف فوج نے ایک بڑا آپریشن شروع کر دیا- اس آپریشن میں اب تک ایک فوجی اہلکار بھی مارا گیا ہے- ہندوستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ کپواڑہ کے جنگل میں چار سے پانچ عسکریت پسندوں کے روپوش ہونے کی خبر پانے کے بعد سیکوٹی فورس اور فوج نے یہ آپریشن شروع کیا ہے-

سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ کپواڑہ کے جنگل کے چاروں جانب سے ناکہ بندی کر دی گئی- جنگل کے قریب پہنچتے ہی عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورس اور فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا- علاقے میں فورسز کی مزید نفری روانہ کر دی گئی-