ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی آخری رسومات
ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم واٹل بہاری واجپئ کو جمعے کی شام چار بجے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ ان کی آخری رسومات میں ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امت شاہ، سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ اور کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے شرکت کی۔
ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کے دین دیال اپادھیائے مارگ پر واقع بھارتی جنتا پارٹی کے دفتر سے دوبجے ان کا جنازہ اٹھایا گیا اور ان کے جلوس جنازہ میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کےجنازے کو ترنگے جھنڈے میں لپیٹ کر پھولوں سے سجی فوجی گاڑی میں لے جایا گیا۔ آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کو آخری رسومات کے لئے جس راستے سے لے جایا گیا اس پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔
اطلاعات اور قانون کے قائم مقام وفاقی وزیر علی ظفرکی قیادت میں پاکستان کے ایک وفد نے بھی اٹل بہاری واجپئی کی آخری رسومات میں شرکت کی۔