پاکستان اور ہندوستان کے مابین لفظی جنگ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i335447-پاکستان_اور_ہندوستان_کے_مابین_لفظی_جنگ
پاکستان اور ہندوستان کے مابین ایک بار پھر لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۳, ۲۰۱۸ ۰۳:۳۰ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان کے مابین لفظی جنگ

پاکستان اور ہندوستان کے مابین ایک بار پھر لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستانی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ پاکستان کو درد محسوس کرانا چاہتے ہیں اور اسے جواب دینے کا وقت آگیا ہے، اب پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا اور پاکستانی فوج کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستانی آرمی چیف نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی بارڈر فورس کے اہلکاروں کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے اور کشمیر میں در اندازوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ہندوستانی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔

ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، جنگ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور کسی بھی ہندوستانی کارروائی کا بھرپور جواب دیں گے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کا شکار بنایا گیا لیکن ہم نے کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا اور بہت سی قربانیوں کے بعد امن قائم کیا، ہمیں پتا ہے کہ امن پسندی کی کیا قیمت ہے اس لیے امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے.

واضح رہے کہ پاکستان کےوزیراعظم عمران خان نے خطے میں قیام امن کے لیے اپنے ہندوستانی ہم منصب کو خط لکھا تھا جس کے جواب میں ہندوستانی حکومت نے بھی وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تصدیق کی تھی تاہم بعد میں ملاقات کو بغیر کسی وجہ کے منسوخ کر دیا گیا۔