نئے صوبوں کا قیام آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں: بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم ضروری ہے، ریفرینڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے لیے بھی آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی حساس ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا اور اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف اپنا مؤقف دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم پر سیاسی اور قانونی کمیٹیاں مشاورت کریں گی، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن اتحاد سے بھی بات چیت کی جائے گی، بانئ پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ذاتی سیاسی مفادات کے لیے عدلیہ کو کمزور نہیں کرنا چاہیے، محسن نقوی سے نئے صوبوں کے معاملے پر تحریک انصاف کی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی میں سیاسی رہنماؤں سے محسن نقوی کی ملاقاتوں کے مقاصد سے آگاہ ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پوری جماعت کو بانی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش ہے، خان صاحب کی صحت کا معاملہ سیاست نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے اور بانئ پی ٹی آئی عمران خان کا علاج قائم کردہ میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں کروایا جائے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel