تین طلاق بل راجیہ سبھا میں پیش نہ ہوسکا
ہندوستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں طلاق ثلاثہ کے بارے میں بل پیش ہونے سے پہلے ہی ہنگامہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق حکومت تین طلاق یا طلاق ثلاثہ کے خلاف بل پیر کو راجیہ سبھا میں پیش کرنا چاہتی تھی لیکن حزب اختلاف کی جماعتوں کے اس مطالبے کے بعد کہ بل کو سیلیکٹ کمیٹی میں پیش کیا جائے یہ بل پیش نہ ہوسکا۔
حزب اختلاف کی تقریبا سبھی جماعتوں نے ایک ساتھ یہ مطالبہ کیا کہ اس بل کو سیلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجا جائے لیکن حکومت اس کو ماننے کے لئے تیار نہیں تھی۔
حزب اختلاف کے شدید ہنگامے کے باعث راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین نے ایوان بالا کارروائی دوجنوری دوہزارانیس تک ملتوی کردی۔
پیر کو تین طلاق سےمتعلق بل پیش کئے جانےکے موقع پربھارتیہ جنتا اور کانگریس دونوں نے ہی اپنے اپنے ممبران کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ ایوان میں موجود رہیں۔
کانگریس نےپہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ اس بل کو اس کی موجودہ شکل میں پاس نہیں ہونے دے گی۔
حکومت یہ بل ایوان زیریں لوک سبھا میں پہلے پاس کراچکی ہے۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے قبل حزب اختلاف کی سبھی جماعتوں کے اراکین نے راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد کے چیمبر میں میٹنگ کی اور متفقہ حکمت عملی تیار کی۔