ونیزویلا میں عدم مداخلت پر ہندوستان کی تاکید
ہندوستان نے ونیزویلا کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ونیزویلا کا سیاسی بحران اس ملک کےعوام کے ذریعے ہی حل ہونا چاہئے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ نئی دہلی ونیزویلا کے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کہا کہ ہندوستان سمجھتا ہے کہ ونیزویلا میں جمہوریت، امن اور استحکام اس ملک کے عوام کی ترقی و فلاح کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے جبکہ اس ملک میں ہر طرح کی بیرونی مداخلت سے صورتحال مزید پیچیدہ اور بحرانی ہوگی۔
ہندوستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی ونیزویلا کے اپوزیشن لیڈر کو ملک کا صدر تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی کوشش میں وہ شریک ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی سمجھتا ہے کہ ونیزویلا کے عوام کو ہی اس بات موقع دیا جانا چاہئے کہ وہ اپنے اختلافات سیاسی مذاکرات اور پرامن طریقے سے حل کریں۔