ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کئے جانے کی کوشش
ہندوستان کے وزیر اعظم نے اسلام آباد کے ساتھ کشیدگی کم اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے پہلی بار ہری جھنڈی دکھائی ہے۔
جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف سخت مواقف سے بچتے ہوئے اس ملک میں عمران خان کے برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی بار اس ملک کے ساتھ مذاکرات کی بات کہی ہے۔
موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے پاکستان میں عمران خان کے کامیاب ہونے کے بعد ان ہی ایام میں ان کو ٹیلیفون کیا اور ان سے کہا کہ دونوں ممالک جنگوں اور کڑی آزمائشوں کا تجربہ کر چکے ہیں آئیے ایک دوسر ے سے ہاتھ ملاتے ہیں اور جہالت و نادانی کے خلاف جنگ کرتے ہیں۔
نریندر مودی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اب میں منتظر ہوں کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بھی قدم آگے بڑھائیں اور ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کریں۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اعتراف کیا کہ نئی دہلی اس بات کو سمجھتا ہے کہ کشمیر، دوسرے تمام علاقوں سے کہیں زیادہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں اور خاص طور سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں فوجی قافلے پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد کہ جس میں ہندوستان کے جوالیس فوجی جوان مارے گئے، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے اور نئی دہلی نے اس حملے کا ذمہ دار اسلام آباد کو قرار دیا ہے۔