ہندوستان کے عام انتخابات
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i346473-ہندوستان_کے_عام_انتخابات
ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے مرکزی حکومت کی نوٹ بندی کو ملک سے غداری قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Mar ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے عام انتخابات

ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے مرکزی حکومت کی نوٹ بندی کو ملک سے غداری قرار دیا ہے۔

نئی دہلی سے ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی سمیت حزب اختلاف کی سبھی پارٹیوں نے منگل کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی، بی جے پی کے لیڈروں پر اپنے کالے دھن کے پرانے نوٹ تبدیل کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ نوٹ بندی ایک غداری تھی جس میں سرکاری خزانہ لوٹا گیا تھا۔ ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس پریس کانفرنس کے موقع پر ایک ویڈیو ٹیپ جاری کر کے کہا کہ نوٹ بندی کے ذریعے عوام کا پیسہ لوٹا گیا تھا۔
ہندوستان کے وزیر خزانہ اور سینیئر بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی نے اپوزیشن جماعتوں کے جاری کردہ اس ویڈیو کو فرضی قرار دیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا ہے کہ ترقی پسند اتحاد کے بقول ان کے جعلساز کارواں کی سرگرمی جاری ہے۔
دوسری طرف کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ان انتخابات میں ملک میں دو نظریات کی جنگ ہے۔ انھوں نے منگل کو ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بی جے پی، نریندر مودی اور آر ایس ایس کا، ملک کو بانٹنے اور نفرت پھیلانے کا نظریہ ہے اور دوسری طرف کانگریس کا عام لوگ سے بھائی چارہ، محبت اور لوگوں کو جوڑنے کا نظریہ ہے۔ اور اس بار انتخابات میں ان دونوں کے درمیان ہی جنگ ہے۔