پاکستان ترقی، دفاع اور علاقائی استحکام کی جانب گامزن: شہباز شریف
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i455178-پاکستان_ترقی_دفاع_اور_علاقائی_استحکام_کی_جانب_گامزن_شہباز_شریف
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ترقی، دفاع اور علاقائی استحکام کی جانب گامزن ہے۔
(last modified 2026-08-14T13:59:54+00:00 )
Aug ۱۴, ۲۰۲۶ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان ترقی، دفاع اور علاقائی استحکام کی جانب گامزن: شہباز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ترقی، دفاع اور علاقائی استحکام کی جانب گامزن ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے ملک کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے پر قوم تحریک آزادی کے قائدین اور کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت اور ہمارے آبا و اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں آزاد مملکت کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایسی سرزمین ہے جہاں ایک آزاد قوم کی حیثیت سے عزت، وقار، دین اور تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزاری جا سکتی ہے، پاکستان اسلامی تعلیمات اور بابائے قوم کے نظریات کے مطابق تمام شہریوں کے لیے بلا تفریق رنگ و نسل مکمل آزادی کی ضمانت دیتا ہے جبکہ آئین اور قوانین تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ "ہماری بہادر افواج نے دشمن کے ہر وار کا جواب دے کر مادرِ وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا ہے، پاکستان اپنی افواج پر فخر کرتا ہے، معرکۂ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔"

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel