ہندوستان: تیسرے مرحلے کے الیکشن کا نوٹیفکیشن جاری
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i346635-ہندوستان_تیسرے_مرحلے_کے_الیکشن_کا_نوٹیفکیشن_جاری
ہندوستان میں تیسرے مرحلے کے عام انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۲۹, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: تیسرے مرحلے کے الیکشن کا نوٹیفکیشن جاری

ہندوستان میں تیسرے مرحلے کے عام انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

ہندوستان کی پارلیمنٹ لوک سبھا کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایک سو پندرہ نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے-

ہندوستانی میڈیا کے مطابق تیسرے مرحلے کا الیکشن عام انتخابات کا سب سے بڑا مرحلہ ہو گا جو تیئیس اپریل کو انجام پائے گا- تیسرے مرحلے میں ریاست گجرات، کیرالا، مہاراشٹر، کرناٹک، اترپردیش، چھتیس گڑھ، اڑیسہ، مغربی بنگال، بہار، آسام اور دادر و ناگر حویلی کی ایک سو پندرہ سیٹوں پر الیکشن ہو گا-

تیسرے مرحلے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اب امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرا سکیں گے- اس درمیان حکمراں جماعت اور وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اپوزیشن اور خاص طور پر کانگریس کے خلاف حملے تیز ہو گئے ہیں جبکہ کانگریس سمیت سبھی دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی بی جے پی پر مسلسل لفظی وار کر رہی ہیں-

میرٹھ میں ایک انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کانگریس پر شدید حملہ کیا اور کہا کہ ہندوستان سے غربت کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہے جب ملک سے کانگریس کا صفایا ہو جائے گا-

دوسری جانب کانگریس نے کہا ہے کہ غریبوں کا مذاق اڑانے کے لئے مودی کو قوم سے معافی مانگنا چاہئے- کانگریس کی کم سے کم آمدنی ضمانت اسکیم پر وزیراعظم کے طنز کرنے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پارٹی نے کہا کہ مسٹرمودی نے غریبوں کی مفلسی کا مذاق اڑایا ہے جس کے لئے انہیں معافی مانگنا چاہئے-

اس درمیان بی جے پی کے باغی لیڈر شتروگھن سنہا نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی کانگریس میں شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے جمعرات کو کانگریس کے صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی-