وی وی پیٹ معاملہ: ہندوستانی سپریم کورٹ نے سیاسی پارٹیوں سے جواب مانگا
ہندوستانی سپریم کورٹ نے وی وی پیٹ کی پچاس فیصد سے زیادہ پرچیوں کی تصدیق کرنے کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے موقف پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے آٹھ اپریل تک جواب مانگا ہے۔
ہندوستان کے چیف جسٹس رنجن گگوئی کی صدارت والے بینچ نے اکیس سیاسی جماعتوں کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے پیرکو الیکشن کمیشن کے جواب پر درخواست گزاروں سے بھی جوابی حلف نامہ دائر کرنے کو کہا ہے-
الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ وی وی پیٹ کی پچاس فیصد سے زیادہ ایک پرچی کی دوسری پرچی سے تصدیق ای وی ایم سے کرانے پر ووٹوں کی گنتی میں چھے روز کی تاخیر ہو گی- عدالت نے اس معاملے پر درخواست گزاروں سے جواب مانگا ہے-
اس درمیان سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم میں روز بروز تیزی آتی جا رہی ہے- ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست مہاراشٹر کے علاقے وردھا میں عوامی جلسے سے خطاب میں کانگریس اور این سی پی کے اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد کمبھ کرن کی طرح ہے-
دوسری جانب کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے ریاست تلنگانہ کے ظہیرآباد میں انتخابی جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہی ایک واحد جماعت ہے جو غریبوں اور کسانوں سے انصاف کرے گی-
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت غربت پر سرجیکل اسٹرائیک کرے گی۔