ہندوستان میں انتخابی جوڑ توڑ
ہندوستان میں پارلیمانی الیکشن کے لئے انتخابی سرگرمیوں اور جوڑ توڑ کی سیاست میں تیزی آگئی ہے۔
نئی دہلی سے ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق مشہور فلمی اداکار اور سیاستداں شتروگھن سنہا نے کانگریس پارٹی جوائن کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ انھوں نے سنیچر کو نئی دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر میں سینیئر کانگریسی رہنماؤں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ انھوں نے کانگریس پارٹی کی رکنیت حاصل کرلی ہے۔
کانگریس میں شمولیت کے بعد پارٹی نے انہیں پٹنہ صاحب حلقے سے اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ شتروگھن سنہا اسی حلقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر دوبار ایم پی منتخب ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں جماعتوں کے مابین دہلی کی پارلیمانی نشستوں کی تقسیم کے مسئلے پر اتفاق رائے ہو چکا ہے اور کسی بھی وقت اس کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق دہلی کی سات پارلیمانی نشستوں میں سے تین پر کانگریس اور چار پر عام آدمی پارٹی کے امیدوار الیکشن لڑیں گے۔
ادھر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی کے انتالیسویں یوم تاسیس پر پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ الیکشن میں پوری تن دہی کے ساتھ پارٹی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کریں۔