ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات کی سرگرمیاں
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i347166-ہندوستان_میں_لوک_سبھا_انتخابات_کی_سرگرمیاں
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے سے 3روز قبل انتخابی منشور جاری کردیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۰۹, ۲۰۱۹ ۰۵:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات کی سرگرمیاں

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے سے 3روز قبل انتخابی منشور جاری کردیا۔

ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات کی  سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں اور سیاسی جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے کو نیچا دکھانے اور ووٹ حاصل کرنے کیلئے بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں۔  

لوک سبھا انتخابات کی  سرگرمیوں کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی نے پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے سے 3روز قبل انتخابی منشور جاری کردیا۔

بھاجپا کے منشور میں جموں و کشمیر سے متعلق دفعہ 370 اور 35 اے ختم کرنے اور رام مندر کی تعمیر کا عزم دوہرایا گیاہے۔  بی جے پی کے صدر امت شاہ اور وزیراعظم نریندر مودی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں سنکلپ پتر نام سے پارٹی کے انتخابی منشور کا اجراء کیا۔   پارٹی نے رام مندر پر اپنا پرانا موقف دوہراتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی تعمیر کے لئے پرامن ماحول میں تمام امکانات تلاش کیے جائیں گے

جموں و کشمیر پر بھی اس نے اپنا پرانا راگ الاپتے ہوئے کہا ہے کہ دوبارہ اقتدار میں آنے پر وہ ریاست سے متعلق خصوصی دفعات آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرے گی۔ اس کے علاوہ منشور میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے اور شہریت ترمیمی بل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرانے ، دہشت گردی پر 'زیرو ٹالرنس' کی پالیسی جاری رکھنے اور ملک کی سلامتی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔