ہندوستان: پہلے مرحلے کی ووٹنگ اور انتخابی مہم کا آخری دن
ہندوستان میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کی انتخابی مہم کے آخری دن بی جے پی اور کانگریس کے اہم رہنماؤں نے متعدد انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا-
ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر، کرناٹک اور تمل ناڈو میں ریلیوں سے خطاب کیا۔ بی جے پی کے صدر امت شاہ نے ریاست تلنگانہ مہاراشٹر اور اڑیسہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا-
دوسری جانب کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے جہاں آسام اور بہار میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا وہیں پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے مغربی اترپردیش میں انتخابی مہم چلائی-
ہندوستان کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ گیارہ اپریل کو ہو گی جس کے لئے انتخابی مہم منگل کی شام ختم ہو گئی-
پہلے مرحلے میں ملک کی بیس ریاستوں کے کل اکیانوے پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے- ریاست اترپردیش میں پہلے مرحلے میں آٹھ سیٹوں، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بالترتیب پچیس اور سترہ سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہو گی-
اس درمیان پانچویں مرحلے کے الیکشن کے لئے بھی بدھ کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا-