ہندوستان میں چوتھے مرحلے کے پارلیمانی انتخابات
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i348297-ہندوستان_میں_چوتھے_مرحلے_کے_پارلیمانی_انتخابات
ہندوستان کے پارلیمانی الیکشن کے چوتھے مرحلے میں نو ریاستوں کی بہتر پارلیمانی نشستوں کے لئے پولنگ ہوئی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں چوتھے مرحلے کے پارلیمانی انتخابات

ہندوستان کے پارلیمانی الیکشن کے چوتھے مرحلے میں نو ریاستوں کی بہتر پارلیمانی نشستوں کے لئے پولنگ ہوئی۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق چوتھے مرحلے کی پولنگ صبج آٹھ بجے شروع ہوئی اور شام اپنے مقررہ وقت پر ختم ہوئی۔ مغربی بنگال کے آسنسول پارلیمانی حلقے میں تشدد کے معمولی واقعے کو چھوڑ کر مجموعی طور پر پولنگ پر امن ماحول میں انجام پائی۔ البتہ بہار اور اڑیسہ میں ای وی ایم مشینیوں میں خرابی پائی جانے کی بھی رپورٹیں ملی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ مغربی بنگال میں چوتھے مرحلے میں بھی ووٹنگ کا تناسب دیگر علاقوں سے زیادہ رہا۔ مغربی بنگال میں پیر کو آٹھ پارلیمانی حلقوں میں ووٹنگ ہوئی۔

ووٹنگ کے چوتھے مرحلے میں بہتّر نشستوں کے لئے نو سو اکسٹھ امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم مشینوں میں بند کر لیا گیا۔
ہندوستان کے پارلیمانی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے اننت ناگ پارلیمانی حلقے میں بھی ووٹنگ کا عمل انجام پایا جہاں پولنگ کا تناسب بہت کم بتایا گیا۔ یاد رہے کہ کشمیر کے حریت رہنماؤں نے عوام سے انتخابات کے بائیکاٹ اور ہڑتال کی اپیل کر رکھی ہے۔

ادھر ریاست اڑیسہ میں ریاستی اسمبلی کی بیالیس نشستوں کے لئے بھی ووٹ ڈالے گئے۔ ہندوستان کے پارلیمانی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں پیر کے روز جن ریاستوں میں ووٹ ڈالے گئے ان میں جھارکھنڈ، بہار، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر ، اڑیسہ اور راجستھان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ انتخابات کے نتائج کا تئیس مئی کو اعلان کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔