ہندوستان کے مشرقی ساحلوں کے قریب شدید طوفان کے پیش نظر ہائی الرٹ
ہندوستان کے مشرقی اور شمال مشرقی ساحلوں پر فانی نامی طوفان کے ٹکرانے کے امکان کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری اور ساحلی علاقوں کے باشندوں کو دیگر مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ہندوستانی ذرائع کا کہنا ہے دو سو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے فانی طوفان مشرقی ریاست اڑیسہ کے ساحلی کے قریب پہنچ رہا ہے اور مشرقی و شمال مشرقی ساحلی علاقوں کے آٹھ لاکھ باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں-
مشرقی ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے- ہندوستان میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فانی طوفان کا اثر اترپردیش، بہار، اتراکھنڈ، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، سکّم اور تمل ناڈو جیسی ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقے پانڈی چری میں بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے-
ہندوستان کے محکمہ موسمیات آئی ایم ڈی نے اترپردیش کے کسانوں کو خبردار کیا ہے کہ دو اور تین مئی کو شدید ہوا اور بارش کا امکان پایا جاتا ہے-
حکومت ہندوستان نے طوفان کے پیش نظر دس ہزار فوجیوں کو ریاست اڑیسہ کی جانب روانہ کر دیا ہے- دو ہزار تیرہ میں بھی ریاست اڑیسہ میں خوفناک طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی-