ہندوستان کے مشرقی علاقوں میں طوفان سے تباہی
مشرقی ہندوستان میں آنے والے تباہ کن فینی طوفان کے نتیجے میں ہزاروں قصبے اور دیہات زیر آب آگئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے رپورٹ دی ہے کہ ایک سو پچہتر کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا کے چلنے والے تیز جھونکوں سے ریاست اڑیسہ میں ہزاروں درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں اور وسیع پیمانے پر تباہی مچی ہے۔ریاست اڑیسہ کے شہر پوری کے بیشتر علاقے شدید بارش کے نتیجے میں زیر آب ہیں۔ ہندوستان کی بری، بحری اور فضائیہ کے تمام اہلکار نیز امدادی کارکنوں کی ٹیمیں مکمل طور پر چوکس ہیں اور اس ساحلی علاقے کے آٹھ لاکھ سے زائد لوگوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر ریاست اترپردیش کے مشرقی ضلع چندولی میں بھی طوفان کے نتیجے میں کم سے کم چار افراد ہلاک ہوگئےہیں جبکہ وسیع پیمانے پرمالی نقصان بھی ہوا ہےہندوستان میں انیس سو ننانوے کے بعد فینی طوفان اب تک کا آنے والا سب سے بڑا اور تباہ کن طوفان ہے۔اس سے قبل انیس سو ننانوے میں ریاست اڑیسہ میں آنے والے خطرناک تباہ کن طوفان میں تقریبا دس ہزار افراد کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔