ہندوستان میں پانچویں مرحلے کے انتخابات، انتخابی مہم کا اختتام
ہندوستان میں پارلیمانی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے لئے انتخابی مہم آج شام مقامی وقت کے مطابق چھے بجے ختم ہو رہی ہے۔
گذشتہ چار مرحلوں کی طرح پانچویں مرحلے کے انتخابات کے لئے بھی سبھی سیاسی جماعتوں نے ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کی اور مسلسل ریلیاں اور انتخابی جلسے کئے-
اس درمیان اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے نئی دہلی میں پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے اب وزیراعظم کو باہر کا راستہ دکھانے کا ذہن بنا لیا اور مودی حکومت اب صرف چند دنوں کی ہی مہمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی الیکشن ہار رہی ہے-
دوسری جانب ریاست اتردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی اب اس قدر کمزور ہو چکی ہے کہ وہ اب صرف ووٹ کاٹنے کے لئے الیکشن لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ مجھے نیچے دکھانے اور گرانے کی فکر میں خود بار بار گر رہے ہیں-
نریندر مودی نے موجودہ الیکشن میں اپنی پارٹی اور اتحاد کی کامیابی کا بھی دعوی کیا- ہندوستان میں پانچویں مرحلے کے الیکشن کے لئے چھے مئی کو مختلف ریاستوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے-