ہندوستان: پانچویں مرحلے کے عام انتخابات، انتخابی مہم ختم
ہندوستان میں پارلیمانی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے لئے انتخابی مہم سنیچر کی شام مقامی وقت کے مطابق چھے بجے ختم ہو گئی۔
ہندوستان کی پارلیمنٹ لوک سبھا کے الیکشن کے پانچویں مرحلے میں سات ریاستوں کی اکیاون سیٹوں پر چھے مئی کو پولنگ ہو گی جس کے لئے سنیچر کو انتخابی مہم ختم ہو گئی-
اس مرحلے میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی، کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی، موجودہ وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی سمیت کئی اہم سیاسی لیڈروں کی قسمت کا فیصلہ ہو گا- پیر کو پانچویں مرحلے کی پولنگ کے ساتھ ہی چارسو پچیس سیٹوں کی پولنگ مکمل ہو جائے گی جبکہ بقیہ دو مرحلوں میں ایک سو اٹھارہ سیٹوں پر پولنگ ہو گی-
پانچویں مرحلے کی انتخابی مہم کے آخری دن شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ کے باوجود انتخابی امیدواروں اور ان کے حامیوں کا جوش برقرار رہا- وزیراعظم نریندرمودی، بی جے پی صدر امت شاہ، کانگریس کے صدر راہل گاندھی اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی سمیت مختلف پارٹیوں کے لیڈروں نے انتخابی ریلیاں نکالیں اور عوامی رابطے کئے-
ادھر مغربی دہلی میں روڈ شو کے دوران ایک نوجوان نے دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کو تھپڑ مار دیا- روڈ شو میں موجود بھیڑ نے نوجوان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا-