ہندوستان کا مسلح روبوٹ کی تیاری کا منصوبہ
ہندوستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مسلح اسمارٹ روبوٹ کی تیاری کے منصوبے پر تیزی کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
یوریشیا ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق مسلح اسمارٹ روبوٹ کے منصوبے پر دفاعی کمپنی بھارت الیکٹرانکس میں کام کیا جارہا ہے اور اس طرح کا پہلا روبوٹ رواں سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
بھارت الیکٹرانکس کے سربراہ ایم وی گوتم کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے فوجی آپریشن کے طریقہ کار میں تبدیلی آئے گی اور ہمارے روبوٹ خود کار طریقے سے سرحدوں پر گشت کرنے کے قابل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جنگیں روائتی جنگوں سے بالکل مختلف ہوں گی اور ان میں مصنوعی ذہانت سے لیس آلات، فیصلہ سازی میں ہماری مدد کریں گے۔
امریکہ کی آئی روبوٹ اور نارتھ روپ گرومین جبکہ جاپان کی مٹسوبیشی جیسی کمپنیاں بھی سرحدوں کی حفاظت کے لیے روبوٹک ٹیکنالوجی کو ترقی دینے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔