ہندوستان میں پارلیمانی انتخابات کی موجودہ صورت حال
ہندوستان میں پارلیمانی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی پولنگ کی تیاری مکمل ہو گئی ہے۔
نئی دہلی سے ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یواین آئی نے رپورٹ دی ہے کہ الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ پانچویں مرحلے کی پولنگ کی تیاری مکمل ہو گئی ہے۔ ہندوستان میں پارلیمانی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں سات ریاستوں کی اکیاون پارلیمانی نشستوں کے لئے ووٹنگ ہو گی۔
پیر کو پانچویں مرحلے میں جن رہنماؤں کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہو گا ان میں کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی، ان کی ماں اور سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی، مرکزی وزیر داخلہ اور سینیئر بی جے پی رہنما راجناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی شامل ہیں۔
اسی کے ساتھ چھٹے اور ساتویں مرحلے کے لئے سیاسی جماعتوں کی تشہیراتی مہم بھی جاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور دو مرکزی وزیروں راجناتھ سنگھ اور نتین گڈکری نے اتوار کو ریاست مدھیہ پردیش میں مختلف ریلیوں اور انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ بی جے پی رہنماؤں نے اپنی تقریروں میں کانگریس پارٹی اور اس کی قیادت پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
دوسری طرف کانگریس صدر راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرے کے جواب میں ان پر سخت تنقید کی ہے۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مود ی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ختم ہو چکی ہے اور اب آپ کو کوئی نہیں بچا سکتا ہے۔