ہندوستان میں پانچویں مرحلے کی ووٹنگ
ہندوستان کے عام انتخابات میں پانچویں مرحلے کے لئے پیر کو ووٹ ڈالے گئے۔
پانچویں مرحلے کے لئے پولنگ پیر کی صبح سات بجے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے ختم ہو گئی۔ اس مرحلے کی پولنگ کے دوران کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی، ترقی پسند اتحاد کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اور کئی دیگر لیڈروں کی قسمت کا فیصلہ ووٹنگ مشینوں میں لاک ہو گیا۔
الیکشن کمیشن نے منصفانہ اور پرامن ووٹنگ کے لئے سیکورٹی کے سخت اور وسیع انتظامات کئے تھے۔ ہندوستان کے عام انتخابات کے پانچویں مرحلے میں سات ریاستوں میں اکیاون سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے-
سخت سیکورٹی انتظامات کے باوجود مغربی بنگال، ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر اور اترپردیش کے بعض علاقوں میں انتخابی تشدد کی خبریں موصول ہوئی ہیں-
وادی کشمیر کے علاقے پلواما میں پولنگ اسٹیشن پر تین بار گرینیڈ سے حملہ کیا گیا- مغربی بنگال کے علاقے ہگلی اور بن گاؤں میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے دوران جھڑپ ہوئی جبکہ ایک دیسی بم کے حملے میں پندرہ افراد زخمی ہو گئے- اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی کے بھی ایک پولنگ اسٹیشن پر دو سیاسی جماعتوں کے حامیوں کا آپس میں تصادم ہو گیا لیکن پولیس نے حالات پر قابو پا لیا- اترپردیش میں چودہ سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے-