ہندوستان: انتخابات کے چھٹے مرحلے میں 59 انتخابی حلقوں میں پولنگ
ہندوستان کے پارلیمانی اانتخابات کے چھٹے مرحلے میں اتوار کو سات ریاستوں کے انسٹھ پارلیمانی حلقوں میں پولنگ ہوئی۔
ہندوستان کے پارلیمانی انتخابات کے چھٹے مرحلے میں اتوار کو ریاست مغربی بنگال، اترپردیش، ہریانہ، دہلی، بہار، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ کی انسٹھ پارلیمانی نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔
دہلی کی سبھی سات پارلیمانی نشستوں کے لئے پولنگ ہوئی۔ دہلی میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے والی اہم شخصیات میں ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند، دہلی کے وزیر اعلی ارون دکیجریوال، سابق وزیر اعلی شیلا دکشت، متحدہ ترقی پسند اتحاد کی چیئر پرسن سونیا گاندھی، کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی، کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی، وزیر خارجہ سشما سوراج اور سابق مرکزی وزیر اجے ماکن شامل ہیں۔ دہلی میں بے جی پے، عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے۔
ادھر ریاست یوپی کے پروانچل علاقے کی چودہ پارلیمانی نشستوں کی پولنگ کی سیکورٹی کے لئے ڈیڑھ لاکھ سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ یواین آئی کے مطابق مشرقی یوپی میں رائے دہندگان اور پولنگ مراکز کی سیکورٹی کے لئے پولیس اور پی اے سی کے علاوہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی دو کمپنیاں بھی تعینات کی گئیں۔
اسی کے ساتھ مغربی بنگال میں بھی پارلیمانی الیکشن کے چھٹے مرحلے کی پولنگ کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ رپورٹوں کے مطابق مغربی بنگال کے چند پارلیمانی حلقوں کے نکسلیوں کے زیر اثر علاقوں میں واقع ہونے کے پیش نظر سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی چھے سو دو کمپنیاں تعینات کی گئیں۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو دہلی اور ہریانہ کی ساری پارلیمانی نشستوں کے لئے ایک ساتھ ووٹ ڈالے گئے۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر تشدد کے اکا دکا واقعات کو چھوڑ کر مجموعی طور پر پولنگ پر امن رہی۔ چھٹے مرحلے میں بھی پولنگ کا سب سے زیادہ تناسب مغربی بنگال میں رہا۔