ہندوستان: پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی یقینی فتح
ہندوستان کے عام انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بدستور جاری ہے جبکہ ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ حکمراں این ڈی اے اتحاد نے نمایاں اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں عام انتخابات کے سات مرحلے انیس مئی کو پورے ہو جانے کے بعد تئیس مئی جمعرات کے روز صبح ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا تاہم ابتدائی نتائج سے ہی وزیراعظم نریدر مودی کی جماعت بی جے پی سبقت لیتی ہوئی نظر آئی۔
ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے بھی اعلان کیا ہے کہ ابتدائی رجحانات میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے اتحاد کو واضح اکثریت حاصل ہے جبکہ حزب اختلاف کی جماعت کانگریس دوسرے نمبر ہے۔
ہندوستان کی لوک سبھا کی پانچ سو تینتالیس میں سے پانچ سو بیالیس نشستوں پر انتخابات ہوئے اور ان انتخابات میں ہندوستان کے تقریبا نوے کروڑ لوگ ووٹر لسٹ میں شامل رہے۔
ہندوستان میں حکومت تشکیل دینے کے لئے دو سو بہتر پارلیمانی نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ ہدف بی جے پی بآسانی حاصل کرتی ہوئی نظر آر ہی ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ ان انتخابات میں حزب اختلافات کے کئی اہم رہنما اپنے حریف امیدواروں سے شکست سے دوچار ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔