ایران پاکستان تعلقات میں تعاون کے نئے باب کا آغاز: ایرانی سفیر
پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے پاکستان کے عوام اور حکومت کو یومِ آزادی پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات میں تعاون کے نئے باب کا آغاز ہوگيا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے مفادات اور تقدیر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: اسلام آباد سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے آج (جمعہ) صبح پاکستان کی آزادی کی 79 ویں سالگرہ پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ہم اس عظیم قوم کی اقدار کو فخر کے ساتھ خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ یہ دن پاکستانی قوم کی انتھک اور غیر معمولی جدوجہد، اتحاد اور کامیابیوں کی یاد منانے کا قابل فخر دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ملکوں کے درمیان دوستی اور احترام کے رشتوں نیز دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے رہمناؤں کے پختہ عزم اور تمام شعبوں میں انجام پانے والی انتھک کوششوں کے نتیجے میں، ایران اور پاکستان کے تعلقات میں امید کے نئے باب کا آغاز ہوگيا ہے۔
پاکستان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ "ہم پاکستانی عوام کی خوشحالی، سکون، امن، ترقی اور سلامتی کے خواہاں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس موڑ پر ہماری دونوں عظیم قوموں کے درمیان پائیدار دوستی مزید مضبوط ہوگی۔
رضا امیر مقدم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ میں ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کی حیثیت سے، دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات کے مطابق باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشش کرتا رہوں گا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel