پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایک فضائی راستہ کھول دیا گیا
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گیارہ فضائی راستوں میں سے ایک راستہ پروازوں کے لئے کھول دیا گیا۔
پاکستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کا کہنا ہے کہ پروازوں کے لئے کھولے جانے والے راستے کا نام ٹیلم ہے- ٹیلم کے فضائی راستے پر طیارے بحیرہ عرب پر پاکستانی حدود میں پرواز کرتے ہیں اور بدین کے اوپر سے گذر کر ہندوستان میں داخل ہوتے ہیں-
خبروں میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے یہ روٹ، مارچ میں ہی کھول دیا تھا لیکن ہندوستان نے یہ راستہ دو جون کو کھولا ہے- پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ ٹیلم کا فضائی روٹ پاکستان اور ہندوستان سمیت سبھی بین الاقوامی ایئر لائنز استعمال کر سکتی ہیں-
اس درمیان اطلاعات ہیں کہ انڈیگو ایئرلائن پہلی ہندوستانی ایئرلائن ہے جس کی دبئی سے دہلی جانے والی پرواز پاکستانی حدود سے گذر کر ہندوستان میں داخل ہوئی ہے-
واضح رہے کہ گذشتہ بائیس فروری کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فضائی اور زمینی کشیدگی کے بعد سے دونوں ملکوں کی فضائی حدود بند ہیں لیکن اب ٹیلم روٹ کھلنے سے دیگر دس راستوں کے بھی کھل جانے کی توقع پیدا ہو گئی ہے۔