ہندوستان میں ہڑتال کے دوران توڑ پھوڑ، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i360291-ہندوستان_میں_ہڑتال_کے_دوران_توڑ_پھوڑ_بڑے_پیمانے_پر_گرفتاریاں
ہندوستان میں ہڑتال کا اثر ملک کی کئی ریاستوں میں دیکھنے کو ملا ۔ مغربی بنگال میں مظاہرین نے ریلوے ٹریک کو جام کر دیا جس کی وجہ سے 42 ٹرینیں نہیں چلیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۰۹, ۲۰۲۰ ۰۵:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ہڑتال کے دوران توڑ پھوڑ، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں

ہندوستان میں ہڑتال کا اثر ملک کی کئی ریاستوں میں دیکھنے کو ملا ۔ مغربی بنگال میں مظاہرین نے ریلوے ٹریک کو جام کر دیا جس کی وجہ سے 42 ٹرینیں نہیں چلیں۔

ہندوستان کی کئی ٹریڈ یونینوں اوربینک ملازمین یونینوں نے کل 8 جنوری کو ہندوستان میں ہڑتال کی کال دی تھی جس کی وجہ سے ہڑتال کا اثر بینک کاری ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات پراثرپڑا۔ ٹریڈ یونینوں کا دعویٰ ہے کہ ملک بھر سے تقریباً 25 کروڑ افراد حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اس ہڑتال میں شامل رہے۔

مغربی بنگال ، کیرالہ اور شمال مشرقی ریاست آسام میں ہڑتال کی وجہ سے سڑک اور ریل ٹریفک بھی متاثر ہوا ۔ ہندوستان میں ہڑتال کا وسیع پیمانے پر اثر بنگال میں نظر آیا جہاں ہاوڑہ سے کل 42 ٹرینیں منسوخ کردی گئیں جبکہ اڑیسہ میں 500 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ۔ حراست میں لئے گئے لوگوں میں مختلف ٹریڈ یونینوں کے ممبران اور کانگریس پارٹی کے کارکنان شامل ہیں۔

پنجاب کے امرتسر میں مظاہرین نے ریلوے ٹریک کو جام کردیا اور دہلی اور کیرالہ میں ٹریڈ یونین نے ریلی نکالی۔ اس ملک گیر ہڑتال میں 10 مرکزی ٹریڈ یونینوں کے اراکین کے ساتھ ساتھ مختلف علاقائی فیڈریشنز نے بھی حصہ لیا ۔