پاک و ہند میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج بروز بدھ جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 49 ہزار391 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور ایک ہزار 694 افراد جاں بحق جبکہ 14 ہزار 183 افراد اس وبا سے مکمل طور پر شفایاب ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 22 ہزار 550 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 526 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے پاکستان میں 15 ہزار 807 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں، جن میں سے 111 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6 ہزار 217 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 194 ہلاکتیں ہوئیں۔ جس کے بعد پنجاب میں کورونا سے 156 افراد، سندھ میں کورونا وائرس سے148 افراد، بلوچستان میں 21 افراد اور گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 393 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 4 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔