پاک و ہند میں کورونا تیزی سے شکار کر رہا ہے
دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج بروز جمعرات جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے 3591 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے اور اسی دوران 89 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1783 ہو گئی ہے ۔
ہندوستان کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے اب تک مجموعی 52952 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض شامل ہیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثر 1084 افراد کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی صحت یا ب ہونے والوں کی تعداد 15267 تک پہنچ گئی ہے ۔
ادھر پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 24 ہزار77 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 564 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے ملک میں 17 ہزار 56 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 111 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6 ہزار 457 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 203 ہلاکتیں ہوئیں۔ جس کے بعد پنجاب میں کورونا سے175 افراد، سندھ میں کورونا وائرس سے157 افراد، بلوچستان میں 22 افراد اور گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں 393 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 4 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔