ہندوستان میں قدرے کم ہوئی کورونائی دیو کی رفتار
کورونا انفیکشن کے حوالے سے ہندوستانیوں کیلئے راحت کی خبر یہ ہے کہ موت کے اعداد وشمار میں بھی پچھلے کئی دنوں سے گراوٹ دیکھی کی جا رہی ہے۔
ہندوستان میں تیزی سے بڑھ رہے کورونا وائرس کے انفیکشن کے بیچ اب راحت کی خبر ملنی شروع ہو گئی ہے۔ ملک میں ایک طرف جہاں کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد کم ہونے لگی ہے، وہیں موت کے اعداد وشمار میں بھی گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔
آج جمعرات کو وزارت صحت کے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، موت کے اعداد وشمار پچھلے ایک ہفتے سے 1000 کے نیچے چل رہے ہیں۔
ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 971 افراد کے ہلاک ہونے سے کورونا ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 526 ہو گئی ہے۔ اس دوران 83 ہزار 11 افراد کے صحت یاب ہونے سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 27 ہزار704 ہو گئی جبکہ 78 ہزار 524 افراد کے کورونا میں مبتلا ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر مبتلا ہونے والوں کی تعداد 68 لاکھ 35 ہزار 655 ہو گئی ہے۔
ہندوستان دنیا کا ایسا تیسرا ملک ہے جہاں کورونا سے ہونی والی موت کے اعداد وشمار ایک لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں۔ ہندوستان سے پہلے امریکہ (America) اور برازیل (Brazil) ہیں جہاں کورونا سے ایک لاکھ سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ پوری دنیا میں کورونا سے ہونے والی اموات کے اعداد وشمار کو دیکھیں تو یہ 10 لاکھ کو پار کر چکے ہیں۔
امریکہ میں ابھی کے کورونا کے اعداد وشمار کو دیکھیں تو ہر دن 700 کے آس پاس اموات ہو رہی ہیں۔ وہیں برازیل میں اوسطاً 650 لوگ ہر دن اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وبا کے پیش نظر پہلی موت یکم مارچ کو درج کی گئی تھی جبکہ 88 دن کے اندر ہی یہاں پر موت کے اعداد وشمار ایک لاکھ کو پار کر گئے تھے۔ اسی طرح برازیل میں ایک لاکھ موت ہونے میں 144 دن لگے تھے۔ وہیں ہندوستان کا موازنہ اگر ان دو ملکوں سے کیا جائے تو یہاں موت کے اعداد و شمار 1 لاکھ پہنچنے میں 204 دن کا وقت لگا۔