ہندوستان، اب تک نو کروڑ سے زائد کورونا کیسز کی جانچ ہوئی
ہندوستان میں کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی یومیہ تعداد میں اضافے اور متاثرین میں کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری بدھ کو بھی جاری رہا۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ترسٹھ ہزار پانچ سو نو نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا اور چوہتر ہزار چھے سو بتیس افراد اس موذی وبا سے مکمل طور پر شفایاب ہوئے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد بہتر لاکھ انتالیس ہزار تین سو نواسی اور کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ترسٹھ لاکھ ایک ہزار نو سو ستائیس ہو چکی ہے۔
گزشتہ چـوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید سات سو تیس مریض لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ دس ہزار پانچ سو چھیاسی ہو گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا کے فعال معاملات کی تعداد کم ہوکے آٹھ لاکھ چھبیس ہزار آٹھ سو چھہتر رہ گئی ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات کی شرح گیارہ اعشاریہ، چار دو فیصد، اموات کی شرح ایک اعشاریہ پانچ تین فیصد اور شفایابی کی شرح ستاسی اعشاریہ صفر پانچ فیصد بتائی گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کی صرف چار ریاستوں کیرالا، دہلی، آسام اور مغربی بنگال میں کورونا کے فعال معاملات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے باقی سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے فعال معاملات میں کمی آئی ہے۔
اس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو کورونا کی تشخیص کے لئے گیارہ لاکھ پینتالیس ہزار پندرہ نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق تیرہ اکتوبر کی شام تک ہندوستان میں کورونا کا پتہ لگانے کے لئے نو کروڑ ایک لاکھ بائیس ہزار نمونوں کی جانچ مکمل ہوئی جس کے بعد کورونا ٹیسٹ کی شرح پینسٹھ ہزار پر ملین ہو گئی۔