ہندوستان, کورونا سے ہلاکتوں میں پھر اضافہ
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ ہلاکتوں کی تعداد ایک بار پھر ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ اموات کی تعداد پندرہ دن تک ایک ہزار سے کم رہنے کے بعد ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے ایک ہزار ترسٹھ اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ پندرہ دن کے دوران کورونا سے یومیہ اموات کی تعداد چھے سو سے نو سو کے درمیان رہی ہے۔ ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ چودہ ہزار ہو گئی ۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا سے یومیہ شفایابی کی شرح متاثرین سے بدستور زیادہ ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے اکسٹھ ہزار آٹھ سو اکہتر نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا لیکن اسی مدت کے دوران بہتر ہزار چھے سو چودہ افراد کورونا سے شفایاب ہوئے، جس کے بعد ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد چھیاسٹھ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات کی تعداد کم ہو کے سات لاکھ تراسی ہزار رہ گئی ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کی ریاست کیرالا میں ایک بار پھر کورونا کے پھیلاؤ نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کیرالا میں گزشتہ چوبیس گھنٹنے میں نو سو ننانوے افراد کورونا میں مبتلا ہوئے۔ اس کے بعد ریاست مغربی بنگال میں کورونا کے چھے سو اکیس، منی پور میں دو سو چھبیس اور دہلی میں ستر نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا کے فعال معاملات کی شرح دس اعشاریہ چار پانچ فیصد، شفایابی کی شرح اٹھاسی فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ پانچ دو فیصد ہے۔