ہندوستان میں کورونا کی صورت حال
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے لیکن دہلی سمیت ملک کی تیرہ ریاستوں میں فعال معاملات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اس کے باوجود مجموعی طور پر کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے بدھ اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا کے چوالیس ہزار دو سو اکیاسی نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد آٹھ ملین چھے لاکھ چھتیس ہزار سے تجاوز کر گئی۔
اس دوران کورونا کے مزید پانچ سو بارہ مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ ستائیس ہزار پانچ سو اکہتر ہو گئی۔ ہندوستان کے محکمۂ صحت کے مطابق دارالحکومت دہلی سمیت ملک کی تیرہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا متاثرین میں اضافہ ہوا لیکن تینتس ریاستوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے پچاس ہزار دو سو چھپن مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے اور ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد آٹھ ملین چودہ ہزار ہو گئی۔ ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوکے چار لاکھ چورانوے ہزار رہ گئی ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پانچ اعشاریہ سات تین فیصد، شفایابی کی شرح بانوے اعشاریہ سات نو فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چـار آٹھ فیصد ہے۔
اس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ دس نومبر کی شام تک ملک میں بارہ کروڑ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے تھے۔