ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں کمی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i375821-ہندوستان_میں_کورونا_سے_یومیہ_متاثرین_اور_اموات_میں_کمی
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے لیکن دہلی اور ہریانہ میں کورونا کے فعال معاملات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Nov ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں کمی

ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے لیکن دہلی اور ہریانہ میں کورونا کے فعال معاملات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا کے اڑتالیس ہزار نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد آٹھ ملین چھے لاکھ چوراسی ہزار سے تجاوز کرگئی ۔ اس دوران کورونا کے مزید پانچ سو پچاس مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ اٹھائیس ہزار سے تجاوز کر گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کی سولہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے فعال معاملات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جن میں دہلی اور ہریانہ سر فہرست ہیں۔

دہلی میں کورونا کے زیر علاج مریضوں میں ایک ہزار دوسو چوالیس اور ہریانہ میں چھے سو بانوے مریضوں کا اضافہ ہوا۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے باون ہزار سات سو اٹھارہ مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے اور ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد اسّی لاکھ چھیاسٹھ ہزار سے زیادہ ہو گئی۔
ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایک دن میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد یومیہ متاثرین سے زیادہ ہونے کے نتیجے میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہو کے چار لاکھ نواسی ہزار دو سو چورانوے رہ گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پانچ اعشاریہ چھے تین فیصد، شفایابی کی شرح بانوے اعشاریہ آٹھ نو فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چـار آٹھ فیصد ہے۔
اس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ بدھ گیارہ نومبر کو انسداد کورونا سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لئے گیارہ لاکھ ترانوے ہزار نمونوں کی جانچ کی گئی ۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گیارہ نومبر کی شام تک ملک میں بارہ کرروڑ انیس لاکھ نمونوں کی جانچ کی جاچکی تھی ۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا ٹیسٹ کی شرح ستاسی ہزار تین سو انتس پر ملین ہے۔