ہندوستان میں کورونا کی موجودہ صورت حال
ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ تیس ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید تین سو اڑسٹھ افراد چل بسے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ تیس ہزار تینتالیس ہوگئی۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ کورونا سے متاثرین کی یومیہ تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چھبیس ہزار نو سو چوراسی نئے مریضوں کا اندراج ہوا۔
کورونا کے مریضوں میں نئے اضافے کے بعد، ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد آٹھ ملین آٹھ لاکھ اکتالیس ہزار سات سو چوراسی ہوگئی ہے۔
اس درمیان اڑتیس ہزار سات سو پچانوے کورونا کے مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد آٹھ ملین دو لاکھ بیالیس ہزار چھے سو چونتس ہوگئی۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات کی تعداد چار لاکھ سڑسٹھ ہزار ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا سے متاثرین کی یومیہ تعداد بڑھنے کے بعد یومیہ کورونا ٹیسٹ کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی میٹنگ میں کیا گیا ہے۔
میٹنگ کے بعد وزیر اعلی نے بتایا کہ دہلی میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد بڑھا کے ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کی جائے گی ۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد کم ہو رہی ہے لیکن دہلی کورونا سے متاثرین کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ دہلی میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد انتالیس ہزار نو سو نوے بتائی گئی ہے۔