ہندوستان میں کورونا سے شفایابی کی شرح میں اضافہ
ہندوستان میں کورونا سے شفایابی کی شرح میں اضافے اور زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے انتیس ہزار ایک سو ترسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ نئے مریضوں کے اضافے کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد اٹھاسی لاکھ چوہتر ہزار ہو گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید چار سو انچاس افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ تیس ہزار پانچ سو انیس ہوگئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ کورونا سے متاثرین کی یومیہ تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چالیس ہزار سات سو اکیانوے کورونا کے مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد آٹھ ملین دو لاکھ نوے ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا سے شفایابی کی شرح ترانوے اعشاریہ چار دو فیصد، زیر علاج مریضوں کی شرح پانچ اعشاریہ ایک ایک فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار سات فیصد ہے۔
دوسری جانب دہلی حکومت نے کورونا کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان بھر میں کورونا کے پھیلاؤ میں کمی کے ساتھ ہی قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا کے قہر میں دوبارہ شدت آگئی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بتایا ہے کہ ان کی حکومت نے مرکزی حکومت کو ایک تجویز بھیجی ہے جس میں محدود لاک ڈاؤن کی اجازت طلب کی گئی ہے۔