ہندوستان میں کورونا وبا کی موجودہ صورت حال
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i376186-ہندوستان_میں_کورونا_وبا_کی_موجودہ_صورت_حال
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد نوے لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا وبا کی موجودہ صورت حال

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد نوے لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔

ہندوستانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے پینتالیس ہزار پانچ سو چھیتر نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد نواسی لاکھ اٹھاون ہزار ہوگئی ہے۔

اس دوران ہندوستان میں کورونا کے مزید پانچ سو پچاسی مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ اکتیس ہزار پانچ سو اٹھتر ہو گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے سب سے زیادہ ایک سو اکتیس اموات کا اندراج قومی دارالحکومت دہلی میں کیا گیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کو ملک کے آٹھ علاقوں اور ریاستوں، انڈمان و نکو بار، ارونا چل پردیش، دادر و نگر حویلی، دمن و دیو، لداخ، میزورم، پاڈیچیری اور تریپورا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی۔

ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اڑتالیس ہزار چار سو ترانوے کورونا کے مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد آٹھ ملین تین لاکھ تراسی ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔
ہندوستان میں کورونا سے شفایابی کی شرح ترانوے اعشاریہ پانچ آٹھ فیصد، زیر علاج مریضوں کی شرح چار اعشاریہ نو پانچ فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار سات فیصد ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی یومیہ تعداد میں مسلسل کمی کے بعد بدھ سے دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کورونا کے تعلق سے ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی کی حالت زیادہ خراب بتائی جاتی ہے جہاں سرکاری ذرائع کے مطابق کورونا کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے۔