ہندوستان میں کورونا کے سرگرم معاملے کم، ماسک نہ پہننے پر جرمانہ
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے سرگرم معاملوں میں قدرے کمی آئی ہے اور سرگرم معاملوں کی شرح کم ہو کر 4.85 فیصد پر آگئی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کی آج ہفتہ کے روز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 564 افراد جاں بحق ہوئے اس طرح مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 726 ہو گئی ہے۔
اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 715 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 84 لاکھ 78 ہزار 124 ہو گئی اور 46 ہزار 232 افراد کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 90 لاکھ 50 ہزار 597 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کی زیادہ سے زیادہ جانچ کرکے وائرس متاثروں کا جلد پتہ لگا کر اسے کنٹرول کرنے کی مہم میں بیس نومبر کوملک میں مجموعی جانچ کا اعدادووشمار تیرہ کروڑ سے زیادہ ہوگیا ہے۔
ہندوستان میں عالمی وبا کووڈ۔19 کا پہلا واقعہ اس سال 30 جنوری کو سامنے آیا تھا اور اس کے بعد حکومت نے مسلسل جانچ کا دائرہ بڑھاکر متاثروں کا پتہ لگانے اور وائرس کی روک تھام پر زور دیا۔
کورونا وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کی روک تھام کے لئے ہندوستان میں روزانہ اس کی زیادہ سے زیادہ جانچ کی مہم میں 24 ستمبر کو ایک دن میں 14 لاکھ 92 ہزار 409 نمونوں کی جانچ کا ریکارڈ ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے اندور میں تین سو سے زیادہ لوگوں سے ماسک نہیں پہننے پر جرمانہ وصول کیا گیا۔
نگر نگم کمشنر پرتیبھا پال نے بتایا ہے کہ ضلع میں کورونا کی تیسری لہر کی دستک کے پیش نظر انفیکشن سے بچاؤ کی ہدایات پر عملدرآمد سختی سے شروع کر دیا گیا ہے۔