ہندوستان میں کورونا کے یومیہ متاثرین اور اموات میں اضافہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i376651-ہندوستان_میں_کورونا_کے_یومیہ_متاثرین_اور_اموات_میں_اضافہ
ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Nov ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کے یومیہ متاثرین اور اموات میں اضافہ

ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستان کی وزارت صحت نے جمعے کو بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں تین ہزار دو سو گیارہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے چار لاکھ پچپن ہزار ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تینتالیس ہزار بیاسی نئے کورونا مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ترانوے لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
اس عرصے میں کورونا کے مزید چا سو بانوے مریض جان کی بازی ہار بیٹھے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ پینتس ہزار سات سو پندرہ ہوگئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں انتالیس ہزار تین سو اناسی افراد کورونا سے شفایاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ستاسی لاکھ اٹھارہ ہزار ہو گئی۔
ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح چار اعشاریہ آٹھ نو فیصد، شفایابی کی شرح ترانوے اعشاریہ چھے پانچ فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار چھے فیصد ہے۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریاست مہاراشٹر، راجستھان اور اتر پردیش میں ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اکیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے زیر علاج مریضوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
اس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ چھبیس نومبر کو ملک میں کورونا سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لئے گیارہ لاکھ اکتیس ہزار دو سو چار نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے بعد ملک میں کورونا ٹیسٹ کی مجموعی تعداد تیرہ کروڑ ستر لاکھ باسٹھ ہزار سات سو انچاس ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا ٹیسٹ کی شرح ہر دس لاکھ پر ننانوے ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔