ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں قدرے کمی
ہندوستان میں نو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے زیر علاج مریضوں میں اضافے اور بقیہ ریاستوں میں کمی کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے زیر علاج مریضوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریاست مہاراشٹر میں دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر میں کورونا کے زیر علاج مریضوں میں ایک ہزار ستانوے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس ریاست میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے بانوے ہزار دو ہوگئی ہے ۔
دوسری جانب قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں ایک ہزار چار سو ستاسی کی کمی آئی اور کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد کم ہوکے پینتس ہزار اکیانوے رہ گئی ۔
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اڑتیس ہزار سات سو بہتر نئے مریضوں اور چار سو تینتالیس نئی اموات کا اندراج کیا گیا۔ ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پینتالیس ہزار تین سو تینتس کورونا کے مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے۔
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چورانوے لاکھ اکتس ہزار اور اموات کی تعداد ایک لاکھ سینتس ہزار ایک سو انتالیس ہو چکی ہے۔
ہندوستانی وزیر صحت کے مطابق اس ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد چار لاکھ چھیالیس ہزار ہے جبکہ اٹھاسی لاکھ سینتالیس ہزار افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔
ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح چار اعشاریہ سات چار فیصد، شفایابی کی شرح ترانوے اعشاریہ آٹھ ایک فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار پانچ فیصد بتائی گئی ہے۔