ہندوستان میں کورونا کی صورت حال
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i377391-ہندوستان_میں_کورونا_کی_صورت_حال
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کے مقابلے میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Dec ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کی صورت حال

ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کے مقابلے میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد جمعرات کو متاثرین کی یومیہ تعداد میں کمی اور شفایابی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اکتیس ہزار پانچ سو اکیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق نئے اضافے کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ستانوے لاکھ سڑسٹھ ہزار ہو گئی۔ اس دوران مزید چار سو بارہ افراد کورونا کی وجہ سے موت سے ہمکنار ہو گئے جس کے بعد اس موذی وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ اکتالیس ہزار سات سو بہتر ہوگئی ہے۔
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات کا اندراج مہاراشٹر میں کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مہاراشٹر میں پچھتر، اس کے بعد دہلی میں پچاس اور اترپردیش میں سینتالیس اموات کا اندراج کیا گیا۔
ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے سینتیس ہزار سات سو پچیس مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد بانوے لاکھ ترپن ہزار ہوگئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح تین اعشاریہ آٹھ ایک فیصد، اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار پانچ فیصد اور شفایابی کی شرح چورانوے اعشاریہ سات چار فیصد ہے۔
اس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ نو دسمبر کو کورونا سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لئے نو لاکھ بائیس ہزار نو سو انسٹھ نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق نو دسمبر کی شام تک ملک میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد پندرہ کروڑ سات لاکھ انسٹھ ہزار سات سو چھبیس ہو چکی تھی۔